میرٹھ، 3 ؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )اترپردیش کے میرٹھ ضلع کی تھانہ سول لائن پولیس نے ضلع سپلائی آفس کے ملازمین کو یرغمال بنانے، جان سے مارنے کی دھمکی دینے اور دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں بھارتیہ کسان تحریک کے صدر سمیت 14کارکنوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔ ضلع پولیس ترجمان نے آج بتایا کہ ہفتہ کو ضلع سپلائی دفتر پر بھارتیہ کسان تحریک کے صدر کلدیپ تیاگی کی قیادت میں تنظیم کے کارکنوں نے ہنگامہ کرکے ملازمین کو یرغمال بنا لیا اور دفتر میں توڑ پھوڑ کی ۔ہنگامہ کرنے والے لوگ رج پورہ بلاک کے گاؤں اورنگ آباد میں سستے غلے کی سرکاری دکان کو بحال کئے جانے پر ناراضگی جتا رہے تھے۔انہوں نے بتایاکہ تھانہ سول لائن پولیس نے ہفتہ کوتیاگی سمیت 14افراد کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں سے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔ضلع سپلائی آفیسر راجیش نے کہا کہ ملزم جس راشن کی دکان کو بحال کئے جانے پر اپنی ناراضگی ظاہرکررہے تھے، وہ ان کے دائرہ اختیار سے باہر کا معاملہ تھا۔کافی سمجھانے کے بعد بھی مظاہرین نے نہیں مانا اور ضلع سپلائی آفس میں گھس کر ملازمین اور افسران سے بدتمیزی کر تے ہوئے سرکاری کام کاج میں رکاوٹ ڈالی ۔